Live Updates

شہبازشریف جعلی وزیراعظم ہیں، ان کے ٹرمپ کے ایجنڈے پر دستخط بھی جعلی تصور ہوں گے

شہبازشریف نے پوری قوم کےجذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، فلسطین پرکسی بھی قسم کا سمجھوتہ عوام تسلیم نہیں کریں گے۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹرسیف کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 4 اکتوبر 2025 19:24

شہبازشریف جعلی وزیراعظم ہیں، ان کے ٹرمپ کے ایجنڈے پر دستخط بھی جعلی ..
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 04 اکتوبر 2025ء ) مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹرسیف نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے پوری قوم کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی، فلسطین پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ عوام تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ شہبازشریف ایک جعلی وزیراعظم ہیں، فلسطین پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ان کے دستخط کے ساتھ جعلی ہی تصور ہوگا۔

پاکستان کے عوام کا منتخب کردہ وزیراعظم عمران خان ہیں، جنہیں جعلی حکمرانوں نے جھوٹے مقدمات میں قید کر رکھا ہے، شہبازشریف جعلی مینڈیٹ کے ذریعے وزیراعظم بنے ہیں، فلسطین پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ عوام تسلیم نہیں کریں گے۔ شہباز شریف نے پوری قوم کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ شہباز شریف ٹرمپ کے 20 نکاتی ایجنڈے پر دستخط اور ان کے ٹویٹ کا خیرمقدم کرنے پر قوم سے معافی مانگیں، ایک جعلی وزیراعظم باہر جا کر قوم کی ترجمانی نہیں کر سکتا، جعلی حکومت نے فلسطین کے حوالے سے اصولی مؤقف کو تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نےکہا کہ عمران خان کی کی فلسطین بارے وہی پالیسی ہے جو قائداعظم کی تھی۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا منتخب کردہ وزیراعظم بانی پی ٹی آئی عمران خان ہے، بانی پی ٹی آئی کو جھوٹے مقدمات میں قید کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی فلسطین کے حوالے سے وہی پالیسی ہے جو قائداعظم کی تھی، فلسطین پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا نہیں ہوگا۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ’’حماس‘‘کے بیان کو جنگ بندی کے لیے امید کی کرن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین میں مستقل امن کے لیے دوست و برادر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ ہفتے کو’’ ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ جب سے فلسطینی عوام کی نسل کشی شروع کی گئی ہے آج الحمدللہ ہم جنگ بندی کے سب سے زیادہ قریب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ہمیشہ ان کا ساتھ دیتا رہے گا۔ وزیر اعظم نے قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، اردن، مصر اور انڈونیشیا کی قیادت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر صدر ٹرمپ سے ملاقات کی۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حماس کی طرف سے جاری بیان جنگ بندی کے لیے امید کی کرن اور امن کو یقینی بنانے کے لیے ایک راستہ فراہم کرتا ہے جسے ہمیں دوبارہ بند ہونے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان فلسطین میں مستقل امن کے لیے اپنے تمام دوست و برادر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات