’بارہواں کھلاڑی‘ لومڑی کی کرکٹ کے میدان میں انٹری، دلچسپ ویڈیو وائرل

لندن اسپرٹ کے خلاف اوول انوِنسِبلز کی اننگز کے دوران لومڑی آدھمکی،واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

بدھ 6 اگست 2025 14:45

’بارہواں کھلاڑی‘ لومڑی کی کرکٹ کے میدان میں انٹری، دلچسپ ویڈیو وائرل
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)انگلینڈ کے لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم میں لومڑی کی انٹری نے میچ دیکھنے آئے شائقین کرکٹ کے دن کو دلچسپ بنا دیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔سوشل میڈیا صارفین کرکٹ کے میدان میں لومڑی کو بارہواں کھلاڑی قرار دینے لگے۔دی ہنڈریڈ لیگ میں لندن اسپرٹ کے خلاف اوول انوِنسِبلز کی اننگز کے دوران اچانک ایک لومڑی میدان میں آ دھمکی جس پر کمنٹیٹرز حیران رہ گئے جبکہ ناظرین محظوظ ہوئے۔

(جاری ہے)

لومڑی میدان میں آکر دوڑ لگاتی رہی جس کے باعث میچ چند دیر کے لیے روکنا پڑا۔ اس دوران کھلاڑی الجھن کا شکار بھی ہوئے۔خوش قسمتی سے اس دوران کوئی بڑی رکاوٹ پیش نہیں آئی، اور لومڑی کچھ دیر دوڑنے کے بعد واپس چلی گئی۔ یہ انوکھا لمحہ 2025 کے کرکٹ سیزن کا سب سے یادگار حصہ بن گیا۔ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے تبصروں کا طوفان امڈ آیا۔ایک صارف نے ایکس پر لکھا کہ لومڑی میچ کی 12ویں کھلاڑی ہے۔ایک اور صارف نے کہا کہ انگلش سے اچھی دوڑ لگاتی ہے۔