پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا قومی فٹسال ٹیم کے ٹرائی آؤٹس کے انعقاد کا اعلان

بدھ 6 اگست 2025 22:05

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا قومی فٹسال ٹیم کے ٹرائی آؤٹس کے انعقاد کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے اے ایف سی فٹسال ایشین کپ انڈونیشیا 2026 کے کوالیفائرز سے قبل پہلی مرتبہ قومی فٹسال ٹیم کے ٹرائی آؤٹس کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ اوپن ٹرائی آئوٹس ملک بھر کے تمام فٹسال کھلاڑیوں کے لئے 10 اگست 2025 کو لاہور کے ڈی ایچ اے فیز 8 میں واقع ففتھ جنریشن سپورٹس کمپلیکس میں صبح 9 سے شام 6 بجے تک منعقد کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

شرکت کے خواہشمند کھلاڑیوں کے لئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ ساتھ لانا لازمی ہوگا ۔پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی تکنیکی ٹیم جلد ہی حتمی سکواڈ کا اعلان کرے گی جبکہ قومی فٹسال ٹیم کے کیمپ کا آغاز ستمبر کے پہلے ہفتے سے کیا جائے گا۔ پاکستان کو گروپ ’’ڈی‘‘ میں شامل کیا گیا ہے جہاں وہ عراق، چینی تائپے اور میزبان سعودی عرب کے مدمقابل ہوگا۔ تمام میچز دمام، سعودی عرب میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 20 ستمبر کو عراق کے خلاف، دوسرا 22 ستمبر کو سعودی عرب کے خلاف اور تیسرا 24 ستمبر کو چینی تائپے کے خلاف کھیلے گا۔