نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستانی کرکٹرز کی ترقیاں

سفیان مقیم 69 درجے کی شاندار چھلانگ لگا کر 542 پوائنٹس کے ساتھ 34 ویں نمبر پر پہنچ گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 اگست 2025 14:47

نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستانی کرکٹرز کی ترقیاں
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اگست 2025ء ) پاکستانی کرکٹرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی تین میچوں کی T20I سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ میں نمایاں ترقی کی ہے۔
مڈل آرڈر بلے باز حسن نواز نے سیریز میں 79 رنز بنانے کے بعد 569 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے 24 درجے ترقی کرتے ہوئے 30 ویں نمبر پر نمایاں چھلانگ لگائی۔

ٹاپ آرڈر بلے باز صائم ایوب جو دو نصف سنچریوں سمیت 130 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن کر ابھرے، وہ 559 پوائنٹس کے ساتھ 25 درجے ترقی کرکے 37 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
صاحبزادہ فرحان جنہوں نے سیریز میں 91 رنز بنائے، 34 درجے ترقی کر کے 484 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 63 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

کپتان سلمان علی آغا اور تجربہ کار بلے باز فخر زمان بھی اپنی رینکنگ میں 15 اور تین درجے بہتری کے ساتھ بالترتیب 76 ویں اور 78 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔

تاہم تجربہ کار کھلاڑی بابر اعظم اور محمد رضوان جو 2024ء سے T20Is میں غیر فعال ہیں رینکنگ میں گراوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ بابر اب 17 ویں اور رضوان 19 ویں نمبر پر ہیں دونوں تین درجے کھسک گئے۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث جنہوں نے کیریبین ٹور کے دوران جدوجہد کی وہ 413 پوائنٹس کے ساتھ 21 درجے گر کر 86 ویں نمبر پر ہیں۔
ہندوستان کے ابھیشیک شرما نے T20I بلے بازوں میں پہلی پوزیشن برقرار رکھی جس کے بعد آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور ہندوستان کے تلک ورما بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

بولنگ رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی بولر ٹاپ 20 میں شامل نہیں ہے۔ فاسٹ بولر حارث رؤف 575 پوائنٹس کے ساتھ 26 ویں نمبر پر ہیں جبکہ نوجوان فاسٹ بولر عباس آفریدی تین درجے گر کر 27 ویں نمبر پر ہیں۔
بائیں ہاتھ کے اسپنر سفیان مقیم نے 69 مقام کی شاندار چھلانگ لگا کر 542 پوائنٹس کے ساتھ 34 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ اس دوران شاہین آفریدی ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 36 ویں اور محمد نواز 489 پوائنٹس کے ساتھ 51 درجے بہتری کے ساتھ 56 ویں نمبر پر آگئے۔

ابرار احمد نو درجے گر کر 60 ویں اور ٹی ٹوئنٹی کے نائب کپتان شاداب خان پانچ درجے گر کر 72 ویں نمبر پر ہیں۔
بولنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی بدستور سرفہرست ہیں جس کے بعد انگلینڈ کے عادل رشید دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کے اکیل ہوسین تیسرے نمبر پر آگئے، انہوں نے ہندوستان کے ورون چکرا ورتھی کی جگہ لے لی۔
آل راؤنڈرز کی کیٹیگری میں شاداب خان دو درجے تنزلی کے ساتھ 19ویں نمبر پر ہیں۔

ابھرتے ہوئے اسٹار صائم ایوب نے 119 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 70 درجے کی چھلانگ لگا کر 24 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
محمد نواز 13 درجے کی چھلانگ لگا کر 36 ویں جبکہ عباس آفریدی چار درجے تنزلی کے ساتھ 56 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ افتخار احمد چھ درجے تنزلی کے ساتھ 70 ویں اور فہیم اشرف 58 پوائنٹس کے ساتھ 5 درجے بہتری کے ساتھ 77 ویں نمبر پر آگئے۔
ہندوستان کے ہاردک پانڈیا پہلے نمبر پر T20I آل راؤنڈر ہیں جس کے بعد نیپال کے دیپیندر سنگھ ایری اور افغانستان کے محمد نبی بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔