پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں پراسیکیوٹرز کی بھرتیوں کا طریقہ کار چیلنج

ہائیکورٹ نے پراسیکیوٹرز کی بھرتیاں فوری روکنے کی استدعا مسترد کردی،درخواست گزار وکیل کوتیاری کے لیے مہلت

بدھ 6 اگست 2025 18:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء) پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں پراسیکیوٹرز کی بھرتیوں کا طریقہ کار چیلنج کر دیا گیا ، ہائیکورٹ نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں پراسیکیوٹرز کی بھرتیاں فوری روکنے کی استدعا مسترد کردی،درخواست گزار وکیل کوتیاری کے لیے آئندہ سماعت تک کی مہلت دیدی۔

جسٹس راحیل کامران شیخ نے محمد زبیر عاشق ایڈووکیٹ کی درخواست پر حکم جاری کیا۔درخواست گزار نے پیرا میں 154پراسیکیوٹرز کی بھرتیوں کے طریقہ کار کو چیلنج کیا ۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی نے پراسیکیوٹرز کی بھرتیوں کا خود اشتہار دیا ۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پیرا میں پراسیکیوٹرز کی بھرتیوں کا اشتہار دینا تھا ۔

(جاری ہے)

پیرا نے خود اخبار اشتہار دے کر امیدواروں کو تحریری امتحان ، انٹرویوز کے لئے پبلک سروس کمیشن کو بھجوایا ۔ درخواست گزار وکیل نے استدعا کی کہ عدالت پیرا میں پراسیکیوٹرز کی ہونے والی بھرتیاں فوری روک دے۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عثمان خان نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے پاس خود سے بھرتی کا اختیار ہے۔جسٹس راحیل کامران شیخ نے درخواست گزار وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ بادی النظر میں پنجاب حکومت کے لاء افسر درست بات کررہے ہیں ، جس پر درخواست گزار کے وکیل نے مزید تیاری کے لیے مہلت کی استدعا کردی ۔

متعلقہ عنوان :