سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی کا لیہ کے مختلف ہسپتالوں اور مریم نواز ہیلتھ سنٹرز کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

بدھ 6 اگست 2025 20:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے لیہ کے مختلف ہسپتالوں اور مریم نواز ہیلتھ سنٹرز کا دورہ کیا ۔انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں تھل و کوٹ سلطان ، مریم نواز ہیلتھ سنٹرز چک نمبر 151 اور 157 ٹی ڈی اے میں سروس ڈیلیوری کو چیک کیا۔

دورہ کے دوران سپیشل سیکرٹری محمد شہباز حسین نے اسٹاف کی حاضری، ادویات کی دستیابی، بائیو میڈیکل مشینری اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔انہوں نے مختلف مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے فراہم کردہ طبی و دیگر سہولیات بارے استفسار اور مریضوں اور ان کے لواحقین سے ڈاکٹروں اور اسٹاف کی دستیابی اور رویہ بارے بھی دریافت کیا۔ محمد شہباز حسین نے اس موقع پر کہاکہ سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی پنجاب نادیہ ثاقب کی خصوصی ہدایات پر دور دراز علاقوں میں بھی ہسپتالوں اور مراکز صحت پر سروس ڈیلیوری کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

مریم نواز کلینکس اور وزیر اعلٰی پنجاب کلینکس آن ویلز سے لوگوں کو ان کی دہلیز پر بروقت طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملی ہے ۔ بعد ازاں سپیشل سیکرٹری محمد شہباز حسین لیہ میں سی ای او ہیلتھ ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر عتیق الرحمنٰ کے گھر بھی گئے۔ انہوں نے ڈاکٹر عتیق الرحمنٰ سے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کی اور سوگواران سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔