ایمریٹس نے پروازوں میں پاور بینکس کیلئے نئے قوانین متعارف کرادیئے

صارفین کو اب بھی مخصوص شرائط کے ساتھ ایک پاور بینک جہاز پر لے جانے کی اجازت ہوگی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 8 اگست 2025 11:18

ایمریٹس نے پروازوں میں پاور بینکس کیلئے نئے قوانین متعارف کرادیئے
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اگست 2025ء ) متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والی دنیا کی معروف فضائی کمپنی ایمریٹس نے پروازوں میں پاور بینکس کے حوالے سے نئے قوانین متعارف کرادیئے۔ اماراتی میڈیا کے مطابق ایئر لائن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایمریٹس کی پروازوں میں کسی بھی قسم کے پاور بینک کا استعمال ممنوع ہے جس کا اطلاق یکم اکتوبر 2025ء سے ہوگا، تاہم ایمریٹس کے صارفین کو اب بھی مخصوص شرائط کے ساتھ ایک پاور بینک جہاز پر لے جانے کی اجازت ہے لیکن ہوائی جہاز کے کیبن میں پاور بینک استعمال نہیں کیے جاسکتے، نہ ہی پاور بینک سے ڈیوائسز کو چارج کرنے کے لیے اور نہ ہی ہوائی جہاز کے پاور سورس کا استعمال کرتے ہوئے پاور بینک کو چارج کیا جاسکتا ہے۔

نئے ضوابط میں کہا گیا ہے کہ ایمریٹس کے صارفین ایک پاور بینک ساتھ لے جا سکتے ہیں جو 100 واٹ آورز سے کم ہو، جہاز پر کسی بھی ذاتی ڈیوائس کو چارج کرنے کے لیے پاور بینکوں کا استعمال نہیں کیا جاسکتا، ہوائی جہاز کی پاور سپلائی کا استعمال کرتے ہوئے پاور بینک کو چارج کرنے کی اجازت نہیں ہے، تمام پاور بینکوں پر ان کی صلاحیت کی درجہ بندی کی معلومات واضح ہونی چاہیئے، ہوائی جہاز میں اوور ہیڈ سٹویج بن میں پاور بینک نہیں رکھے جا سکتے اور اب انہیں سیٹ کی جیب میں یا اپنے سامنے والی سیٹ کے نیچے بیگ میں رکھا جاسکتا ہے، چیک ان شدہ سامان میں بھی پاور بینکوں کی اجازت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ایک جامع حفاظتی جائزے کے بعد دبئی کا فلیگ شپ کیریئر خطرے کو کم کرنے کے لیے ایک مضبوط اور فعال مؤقف اختیار کر رہا ہے، ایمریٹس کے نئے ضوابط طیارے میں جہاز کے دوران ان کے استعمال پر پابندی لگا کر پاور بینکوں سے وابستہ خطرات کو نمایاں طور پر کم کریں گے، کیبن کے اندر قابل رسائی جگہوں پر پاور بینکوں کا ذخیرہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ آگ لگنے کی شاذ و نادر صورت میں تربیت یافتہ کیبن عملہ فوری طور پر جواب دے سکتا ہے اور آگ کو بجھا سکتا ہے۔