چین کیلئے جاسوسی کا الزام، ٹرمپ کا انٹیل کے سی ای او سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ

انٹیل کے سربراہ کے چین کی فوج اور دفاعی صنعت سے وابستہ کمپنیوں کے ساتھ روابط ہیں جس کی وجہ سے وہ ایک انتہائی متنازع شخص ہیں؛ امریکی صدر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 8 اگست 2025 09:40

چین کیلئے جاسوسی کا الزام، ٹرمپ کا انٹیل کے سی ای او سے فوری مستعفی ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اگست 2025ء ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی کمپنیوں کے ساتھ روابط اور چین کے لیے جاسوسی کا الزام لگاتے ہوئے کمپیوٹر چِپ بنانے والی معروف عالمی کمپنی انٹیل کے سربراہ لپ بوٹین سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ برطانوی نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ انٹیل کے سربراہ کے چین کی فوج اور دفاعی صنعت سے وابستہ کمپنیوں کے ساتھ روابط ہیں جس کی وجہ سے وہ ایک انتہائی متنازع شخص ہیں کیوں کہ انہوں نے اپنی کمپنی والڈن انٹرنیشنل کے ذریعے چینی ہائی ٹیک اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی سے منسلک کمپنیوں کے ساتھ 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری رکھی ہے، یہ عمل امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہو سکتا ہے، اس لیے انٹیل کے سی ای او کو فوری طور پر مستقفی ہو جانا چاہیئے کیوں کہ وہ انتہائی متنازع ہیں اور اب اس مسئلے کا کوئی دوسرا حل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ کے مطالبے کے بعد اب تک انٹیل کے سی ای او کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ انٹیل اور اس کے سی ای او امریکی دفاعی شعبے میں ایمانداری کے ساتھ کام کر رہے ہیں، انٹیل امریکی صدر ٹرمپ کے "امریکہ فرسٹ ایجنڈے" کے تحت امریکہ میں اہم سرمایہ کاری کر رہا ہے، انٹیل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور لپ بو ٹین امریکی قومی اور اقتصادی سلامتی کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں، ہم ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ اپنی مسلسل مصروفیت کے منتظر ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ ملائیشیا میں پیدا ہونے والے اور سنگاپور میں پرورش پانے کے بعد اب امریکی شہریت کے حامل لپ بو ٹین ایک وینچر کیپیٹلسٹ ہیں جو سیمی کنڈکٹر انڈسٹری میں اپنی مہارت کے لیے مشہور ہیں، لپ بو ٹین کو مارچ میں انٹیل کا سی ای او مقرر کیا گیا تھا، انٹیل کو امریکہ کی سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی تعمیر نو کی کوششوں کے حصے کے طور پر امریکی حکومت سے اربوں ڈالر ملے ہیں، سرمایہ کاروں کو ایک حالیہ اپ ڈیٹ میں لپ بو ٹین نے کہا کہ فرم مینوفیکچرنگ میں اپنی سرمایہ کاری کو واپس امریکہ لے جائے گی تاکہ صارفین کی مانگ کو پورا کیا جا سکے۔