مبینہ طور پر خواجہ آصف کے منظور نظر اے ڈی سی آر سیالکوٹ کی گرفتاری سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات

ملزم کے قبضے سے رولیکس گھڑی، لاکھوں روپے نقد رقم، لینڈ کروزر، کمرشل پلاٹس کی فائلیں برآمد کر لی گئیں

muhammad ali محمد علی جمعہ 8 اگست 2025 00:52

مبینہ طور پر خواجہ آصف کے منظور نظر اے ڈی سی آر سیالکوٹ کی گرفتاری سے ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست2025ء) مبینہ طور پر خواجہ آصف کے منظور نظر اے ڈی سی آر سیالکوٹ کی گرفتاری سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات، ملزم کے قبضے سے رولیکس گھڑی، لاکھوں روپے نقد رقم، لینڈ کروزر، کمرشل پلاٹس کی فائلیں برآمد کر لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے گرفتار اے ڈی سی آر محمد اقبال سنگھیڑا کے جسمانی ریمانڈ کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملزم کے قبضے سے رولیکس گھڑی، 14 لاکھ روپے سے زائد رقم، لینڈ کروزر، دو عدد پانچ مرلہ کمرشل پلاٹس کی اوپن فائلیں برآمد ہوئیں۔ تفتیشی افسر کے مطابق، ملزم سے ڈی ایچ اے کی مد میں لی گئی کروڑوں روپے کی رقم کی مزید ریکوری باقی ہے۔ تفتیشی افسر کی درخواست پر عدالت نے اے ڈی سی آر محمد اقبال سنگھیڑا کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 4 دن کی توسیع کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

جبکہ اس حوالے سے سینئر صحافی جنید سلیم کی جانب سے سنگین خیز الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

 جنید سلیم کے مطابق "خواجہ آصف جو پرتگال کا نام لے رہے ہیں، دراصل گرفتار اقبال سنگھیڑا خواجہ آصف کے قریبی آدمی ہیں" جنید سلیم نے الزام عائد کیا ہے "طوطے کی جان کی طرح خواجہ آصف کی جان بھی اسی اے ڈی سی آر میں ہے، جس دن سے ان کی گرفتاری ہوئی ہے، خواجہ آصف بے حد پریشان ہیں"۔

جنید سلیم نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ "یہ اقبال سنگھیڑا 8 فروری الیکشن میں یہ آر او تھے اور انہوں نے دھاندلی اور خواجہ آصف کو جتوانے میں مرکزی کردار ادا کیا"۔ دوسری جانب فواد چوہدری نے بھی اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ "اے ڈی سی آر سیالکوٹ سے لڑائی، بیوروکریسی اور کئی وزراء کو مہنگی پڑ گئی ہے"۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ اے ڈی سی آر سیالکوٹ کی گرفتاری کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے استعفٰی دے دیا ہے۔ تاہم جمعرات کے روز انہوں نے مستعفی ہونے کی خبروں کی تردید کر دی۔