گلاسگو،سپائیڈر مین کے خطرناک اسٹنٹس، مداح حیران

جمعہ 8 اگست 2025 19:50

گلاسگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)گلاسگو میں شوٹنگ کے دوران اسپائیڈر مین کا کردار ادا کرنے والے مشہور اداکار ٹام ہالینڈ کے خطرناک اسٹنٹس دیکھ کر مداح دنگ رہ گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مارول کی آنے والی سپر ہیرو فلم اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے کی شوٹنگ کے دوران گلاسگو کے وسط میں لوگوں کا جمِ غفیر امڈ آیا، جہاں معروف کردار اسپائیڈر مین نے شاندار اور خطرناک اسٹنٹس کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

اسپائیڈر مین کا کردار ایک بار پھر اداکار ٹام ہالینڈ ادا کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں ان کو گلاسگو سٹی سینٹر میں جھولتے، بلند عمارتوں سے لٹکتے اور سڑک کے دونوں جانب جھولتے ہوئے دیکھا گیا۔فلم کی شوٹنگ کے دوران اسپائیڈر مین کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے ہر سمت سے لوگ بند سڑکوں کے کناروں پر جمع ہوگئے۔ شائقین نے کہا کہ وہ مایوس نہیں ہوئے، کیونکہ ان کے ہیرو نے واقعی جان خطرے میں ڈال کر اسٹنٹس کیے۔فلم اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے معروف ہدایت کار ڈیسٹن ڈینیئل کریٹن کی ہدایت میں بن رہی ہے، جو پچھلی فلم نو وے ہوم کے ڈرامائی انجام کے بعد کہانی کو آگے بڑھاتی ہے۔ نئی قسط میں اسپائیڈر مین ایک بار پھر اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دنیا کو بچاتے نظر آئیں گے۔