مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ کیساتھ نتیجہ خیز میٹنگز اور مختلف سائٹس کے وزٹس کے بعد جائیکا وفد کا کامیاب دورہ فیصل آباد اختتام پذیر

جمعہ 8 اگست 2025 21:20

B فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2025ء) مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ کیساتھ نتیجہ خیز میٹنگز اور مختلف سائٹس کے وزٹس کے بعد جائیکا وفد کا کامیاب دورہ فیصل آباد اختتام پذیر ہو گیا ۔ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے 3 رکنی وفد نے 250 ملین ڈالر کی فنڈنگ سے مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا اورواضح کیا ہے کہ دورہ فیصل آباد اور مجوزہ پراجیکٹس کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کرکے ان کی منظوری مارچ 2026 ء تک حاصل کی جائے گی۔

جائیکا کی جانب سے 250 ملین ڈالر کے فنڈز سے نئے پراجیکٹس کے حوالے سے تین رکنی وفد نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ کے ساتھ نتیجہ خیز میٹنگز کیں جن میں واسا فیصل آباد کی جانب سے مجوزہ نئے پراجیکٹس کے حوالے سے تجاویز دی گئیں جن میں جھنگ برانچ کینال پر 20 ملین گیلن ڈیلی کا سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ، جھال خانوانہ پر جائیکا پراجیکٹ کی توسیع، گوگیرہ برانچ کینال پر 10 ملین گیلن ڈیلی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور دو مجوزہ منصوبوں کی سولر سسٹم پر منتقلی کے پراجیکٹس شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ثاقب رضا اور دیگر انجینئر کے ہمراہ جائیکا وفد نے مجوزہ پراجیکٹس کی سائٹس کے وزٹ کئے اور ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ کی سربراہی میں مجوزہ پراجیکٹس پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس حوالے سے ایم ڈی واسا نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ترجیحات میں سرفہرست ہے جس کے لئے جائیکا کے تعاون سے پہلے ہی جھال خانوانہ پراجیکٹ کو مکمل کر چکے ہیں جس سے 2 لاکھ سے زائد آبادی کو پینے کا پانی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ اب جائیکا کی جانب سے نئے پراجیکٹس پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جائیکا وفد کو اپنی تجاویز اورسٹڈی کی تفصیلات پیش کر دی گئیں ہیں اور توقع ہے کہ مارچ 2026ء تک ان مجوزہ پراجیکٹس کی باقاعدہ منظور حاصل کر لی جائے گی جس کے بعد 250 ملین ڈالرمالیت پراجیکٹ کی ڈاکومنٹیشن کا آغاز ہو گا۔

متعلقہ عنوان :