اراکین سندھ اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ، درجن سے زائد الاؤنسز کی تفصیل سامنے آگئی

قانون منظور ہونے کے بعد حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب کے ارکان یکساں طور پر بہت سی مراعات کے حقدار بن گئے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 اگست 2025 11:44

اراکین سندھ اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ، درجن سے زائد الاؤنسز ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2025ء ) سندھ اسمبلی نے اراکین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل متفقہ طور پر منظور کیا ہے جس کے نتیجے میں حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب کے ارکان یکساں طور پر بہت سی مراعات کے حقدار بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سپیکر سید اویس قادر شاہ کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کے اجلاس میں مجموعی طور پر 3 بلوں کی منظوری دی گئی، یہ بل وزیر قانون اور پارلیمانی امور ضیا ءالحسن لنجار کی جانب سے ایوان میں پیش کیے گئے، اس دوران دوران وزیر قانون و پارلیمانی امور ضیاءالحسن لنجار نے ارکان سندھ اسمبلی کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے سے متعلق بل ایوان میں پیش کیا جس کی ایوان نے مرحلہ وار منظوری دی، تمام ممبران نے بل کی حمایت کی اور اسے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سندھ کابینہ نے 7 اگست کو اپنے اجلاس میں اس بل کے مسودے کی منظوری دی اور کابینہ کی منظوری کے بعد اب اسے سندھ اسمبلی سے بھی منظور ی حاصل ہوچکی ہے، جس کے نتیجے میں منظور شدہ قانون سے حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب کے ارکان اسمبلی یکساں طور پر مستفیض ہوں گے اور وہ بہت سی مراعات کے حقدار بھی تصور کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ سندھ اسمبلی نے جن مراعات اور الاؤنسز کی منظوری دی گئی ہے ان میں مہمان داری الاؤنس، ہاؤس رینٹ الاؤنس، یوٹلیٹی الاؤنس، ڈیلی الاؤنس، کنوینس الاؤنس، اکاموڈیشن الاؤنس، ٹریولنگ الاؤنس، مائیلج الاؤنس، مفت سفری سہولت، ٹیلی فون کی سہولت، علاج معالجے کی سہولیات، آفس مینٹنس الاؤنس شامل ہیں، اس کے علاوہ ایسے تمام الاؤنسز بھی ان مراعات کا حصہ ہوں گے جن کی سفارش سندھ اسمبلی کی کسی بھی پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے کی جائے گی۔