ملک عاشق حسین میموریل ہیلتھ کیئر اینڈ ڈائلیسز سینٹر کا افتتاح 10 اگست کو سہ پہر 4 بجے کیا جائے گا

ہفتہ 9 اگست 2025 16:59

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) جشنِ آزادی کے پرمسرت موقع پر سیالکوٹ میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ ملک عاشق حسین میموریل ہیلتھ کیئر اینڈ ڈائلیسز سینٹر کا افتتاح 10 اگست کو سہ پہر 4 بجے کیا جائے گا ۔ افتتاحی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، معززین شہر، فلاحی تنظیموں کے نمائندگان، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ہوں گی جنہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مرکز کا قیام سیالکوٹ کے عوام کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائلیسز کی مفت اور معیاری سہولت گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے اور اس مرکز کے قیام سے مریضوں کو بروقت اور مؤثر علاج میسر آئے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں نجی و فلاحی اداروں کا کردار نہایت قابلِ تحسین ہے جو عوام کی خدمت کے لیے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں، اور ایسے اقدامات حکومت کی کوششوں میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک عاشق حسین میموریل ہیلتھ کیئر اینڈ ڈائلیسز سینٹر نہ صرف مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرے گا بلکہ صحت عامہ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔