پنجاب میں 18 نئی چینی ایس آر ٹی میٹروز چلائی جائیں گی

جمعہ 26 ستمبر 2025 17:27

پنجاب میں 18 نئی چینی ایس آر ٹی میٹروز چلائی جائیں گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)پنجاب حکومت نے صوبے کے مختلف شہروں میں جدید چینی سپر آٹونومس ریپڈ ٹرانزٹ (ایس آر ٹی) میٹرو بسیں متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ابتدائی طور پر 18 نئی بسیں چلائی جائیں گی۔ یہ منصوبہ لاہور کی اورنج لائن میٹرو کے آپریٹر "نورنکو انٹرنیشنل" کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا۔ گوادر پرو کے مطابقیہ اقدام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پانچ سالہ ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان کا حصہ ہے، جس کے تحت صوبے کے 30 شہروں میں جدید خودکار ریپڈ ٹرانزٹ ( اے آر ٹی) سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔

گوادر پرو کے مطابق ایس آر ٹی، جسے "سڑک پر سب وی" کا نام دیا گیا ہے، ایک جدید، بغیر پٹری کے، بیٹری سے چلنے والا اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے لیس ٹرانسپورٹ نظام ہے، جو ماحول دوست اور روایتی میٹرو سسٹمز کا بہتر متبادل قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ہر ایس آر ٹی بس تقریباً 100 کاروں کا متبادل بن سکتی ہے، جس سے شہروں میں ٹریفک کے دباؤ، فضائی آلودگی اور شور کی سطح میں نمایاں کمی آئے گی۔

یہ جدید بسیں اس ماہ کے آغاز میں منعقدہ پنجاب کے پہلے ٹرانسپورٹ ایکسپو میں نمائش کے لیے پیش کی گئیں، اور یہ ٹیکنالوجی پہلے ہی دبئی جیسیشہروں میں کامیابی سے استعمال کی جا رہی ہے۔ ایس آر ٹی بسوں کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے اور ہر بس میں 250 سے 300 مسافروں کے بیٹھنے اور کھڑے ہونے کی گنجائش موجود ہے۔ یہ نظام میٹرو جیسی سہولت کو بس جیسی کم لاگت کے ساتھ یکجا کرتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ پنجاب میں گرین، سمارٹ اور پائیدار شہروں کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔