سندھ حکومت کاروبار دوست ماحول کے لیے سرمایہ کاری کر رہی ہے، مراد علی شاہ

جمعہ 26 ستمبر 2025 16:14

سندھ حکومت کاروبار دوست ماحول کے لیے سرمایہ کاری کر رہی ہے، مراد علی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی)کی صوبے کی صنعتی ترقی میں پانچ دہائیوں سے زائد خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عزم اور مشترکہ کاوشوں سے حاصل ہونے والی ایک روشن مثال ہے۔ 55ویں سالانہ ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کاٹی کی قیادت، ممبران اور صنعت کاروں کو 1970 سے اب تک ان کی شاندار خدمات پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب کاٹی کی 55 سالہ شاندار ترقی اور سندھ کی صنعتی پیش رفت میں اس کے کلیدی کردار کی یادگار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاٹی نے جدت، محنت اور ماحولیاتی ذمہ داری کے ذریعے نئے معیار قائم کیے ہیں۔ مراد علی شاہ نے اپنی حکومت کے کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے عزم کو دہرایا اور بتایا کہ صوبے میں سڑکوں، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، جدید صنعتی پارکس اور قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ صنعتوں کو قابل اعتماد بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کے لیے ضوابط کو آسان بنانے اور بیوروکریٹک رکاوٹوں کو ختم کرنے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف ترقی کو تیز کریں گے بلکہ صنعت کاروں اور محنت کشوں کے لیے وسیع معاشی مواقع بھی پیدا کریں گے۔ انہوں نے کاٹی کو صوبائی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خوشحال اور روشن سندھ حکومت اور صنعت، دونوں کا مشترکہ مقصد ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا ہے کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے موسمی رکاوٹوں کے باوجود مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، پلوں اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ عوام کو سہولت اور روزگار کے مواقع فراہم ہوں۔ وزیراعلی نے کہا کہ سندھ حکومت فلاحی پروگرامز اور سماجی تحفظ کے منصوبوں کے ذریعے غریب و مستحق طبقات کی مدد کر رہی ہے جبکہ تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی بھی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اسی لیے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلی نے عزم ظاہر کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی کے لیے کوششیں ہر سطح پر جاری رہیں گی۔