حکومت پنجاب کا گندم کی کاشت سے قبل کاشتکاروں کو100ارب روپے کے بلاسود قرضے دینےکا فیصلہ

گندم کے کاشتکار کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، گندم کے چھوٹے کاشتکار کو ریلیف کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 9 اگست 2025 19:40

حکومت پنجاب کا گندم کی کاشت سے قبل کاشتکاروں کو100ارب روپے کے بلاسود ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2025ء) حکومت پنجاب نے گندم کی کاشت سے قبل کاشتکاروں کو 100ارب روپے کے بلاسود قرضے دینے کی تجویز پر اتفاق کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ گندم کے چھوٹے کاشتکار کو ریلیف کے لئے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے، گندم کے کاشتکار کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ تفصیلات کے مطابق گندم کی کاشت سے پہلے حکومت پنجاب متحرک، کاشتکارکی سپورٹ کے لئے وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر جامع پروگرام مرتب کیا جائے گا- وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گندم کے کاشتکار کی معاونت اور پیداوار میں اضافہ کے لئے جامع پلان طلب کر لیاہے۔

پنجاب میں گندم کی بوائی سے قبل زرعی مداخل کی لاگت میں کمی کے لئے اقدامات کا حکم دیاہے-گندم کی بوائی سے قبل کھاد کی وافر دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی- مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ گندم کے چھوٹے کاشتکار کو ریلیف کے لئے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے۔

(جاری ہے)

گندم کی کاشت سے قبل 100ارب روپے کے بلاسود قرضے دینے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا- وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی- بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں بہتر پیداوار کے لئے گندم کی بروقت بوائی ضروری ہے۔

پنجاب میں دو ماہ کے دوران کاشتکاروں کو مجموعی طور پر 63 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی۔ کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں نے 50 ارب روپے کے بلاسود قرض حاصل کیے۔ بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کے گندم سپورٹ پروگرام کے تحت 13 ارب روپے سبسڈی دی گئی۔ کسان کارڈ پراجیکٹ کی وجہ سے پنجاب میں کھاد بالخصوص ڈی اے پی کا استعمال بڑھ گیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ گندم کے کاشتکار کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، حکومت پورا ساتھ دے گی۔ پنجاب کے کاشتکار کو سب سے زیادہ سہولت اور حکومتی معاونت حاصل ہے۔