ایبٹ آباد،گلیات میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے کلچر، ٹورازم، آرکیالوجی اینڈ میوزیم کا اہم اجلاس

اتوار 10 اگست 2025 13:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) گلیات میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے کلچر، ٹورازم، آرکیالوجی اینڈ میوزیم کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین و رکن صوبائی اسمبلی شرافت علی نے کی۔ اجلاس میں دیگر اراکین اسمبلی اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں گلیات کے ترقیاتی امور اور مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

زیر بحث موضوعات میں پارکنگ کے مسائل، پانی کی قلت، نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی، جی ڈی اے ٹاؤن منصوبہ، کیمپنگ گراؤنڈز کی تیاری اور سڑکوں کی مرمت کے لیے سول لیب کے قیام شامل تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ علاقہ میں پانی کے نئے ذرائع تلاش کیے جا رہے ہیں، جبکہ حال ہی میں مقامی کمیونٹی، ویلج کونسل چیئرمینز، سماجی شخصیات اور انفلوئنسرز کے تعاون سے 14 ہزار سے زائد پودے لگائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی کیا گیا اور متعدد ہوٹلوں پر سیل اور جرمانے عائد کیے گئے.گلیات میں نئے ہائیکنگ ٹریکس کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں سیاحوں کے ساتھ مل کر صفائی مہم جاری ہے۔ مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپس کا انعقاد بھی عمل میں لایا گیا۔ اجلاس میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو درپیش چیلنجز، بالخصوص پانی کے بحران کے حل کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا گیا۔