دھمیال پولیس کی کارروائی 7 سالہ بچی پر تشدد اور اسے کمرے میں بند کرنے والا سفاک والد گرفتار

اتوار 10 اگست 2025 14:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) دھمیال پولیس نے 7 سالہ بچی پر تشدد کرنے اور اسے کمرے میں بند کرنے والے سفاک والد کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ دھمیال کو 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن کے ذریعے اطلاع موصول ہوئی کہ والدین نے کمسن بچی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گھر میں بند کر دیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور بچی کو زخمی حالت میں ریسکیو کر کے حفاظتی تحویل میں لے لیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق متاثرہ بچی کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج معالجہ اور طبی معائنہ کیا گیا۔ بچی کو مکمل طبی امداد فراہم کرنے کے بعد چائلڈ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا تاکہ اس کی حفاظت اور بہتر نگہداشت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں پر تشدد کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ معاشرے میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :