وزیراعلیٰ پنجاب نے آم کی پیداوار اور برآمد میں اضافہ کے لیے 70 کروڑ روپے کے منصوبہ کی منظوری دی ہے،صوبائی سیکرٹری زراعت

اتوار 10 اگست 2025 15:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب نے آم کی کوالٹی ،پیداوار اور ایکسپورٹ میں اضافہ کے لیے 70 کروڑ روپے کے منصوبہ کی منظوری دی ہے۔یہ بات سیکرٹری زراعت پنجاب افتخارعلی سہو نے مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں منعقدہ آم کی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ کیلئے مشاورتی سیشن میں بتائی۔اس موقع پرآم کی کوالٹی اور پیداوار بڑھانے کے لیے تجاویزطلب کی گئیں اورآم کے باغبانوں کو درپیش چیلنجزکا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مشاورتی سیشن میں سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفرازحسین مگسی،ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب شبیراحمد خان،ڈائریکٹرجنرلزمحکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹرساجدالرحمان،نوید عصمت کاہلوں،کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹرمحمد انجم علی،عبدالغفارگریوال سمیت آم کے باغبانوں،ایکسپورٹرز ،ماہرین اوردیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسیکرٹری زراعت پنجاب نے کہاکہ صوبہ پنجاب میں 3 لاکھ 80 ہزار ایکڑ رقبہ پرآم کے باغات کاشت ہیں اور برآمدی اقسام کی کاشت میں اضافہ کیلئے جدید نرسریاں رجسٹرڈ کی جائیں گی۔

نرسریوں کی تیاری سے لے کر ویلیو ایڈیشن تک پیش کردہ قابلِ عمل تجاویز منصوبے کا حصہ ہوں گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ باغبانوں کی رہنمائی کیلئے تحصیل سطح پر تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں گے جبکہ منصوبے پرعملدرآمد سے آم کی پیداوار،کوالٹی اور ایکسپورٹ میں یقینی اضافہ ہوگا۔اس کے ساتھ ساتھ باغبانوں وماہرین کو بیرون ملک تربیت کیلئے بھیجا جائے گا،آم کی نیوٹریشن اور بیماریوں کی تشخیص کیلئے جدید لیب قائم کی جائے گی اور جدید مشینری سبسڈی پر فراہم کرنے کی تجویز بھی منصوبہ میں شامل ہے۔