کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ کے زیر اہتمام ایف-10 مرکز میں شجرکاری و صفائی مہم، آگاہی واک کا انعقاد

اتوار 10 اگست 2025 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ کےزیر اہتمام ایف-10 مرکزاسلام آباد میں شجرکاری و صفائی مہم اور آگاہی واک کاانعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ احسن ظفر بختاوری نے ایف-10 مرکز کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین طاہر عباسی، صدر احمد خان، جنرل سیکرٹری نعیم اقبال اور دیگر عہدیداران کے ہمراہ پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔

مہم کے دوران پودے لگانے کے ساتھ ساتھ مرکز میں ڈسٹ بن بھی لگائی گئیں ہیں تاکہ صفائی کے انتظامات مزید بہتر ہو سکیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ یہ جشنِ آزادی اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم سب اپنے ملک کو سرسبز و شاداب اور صاف ستھرا بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

میری اپیل ہے کہ ہر پاکستانی اس جشنِ آزادی پر کم از کم ایک پودا ضرور لگائے اور اسلام آباد سمیت پورے ملک کو صاف رکھنے میں حکومت کا ساتھ دے۔

انہوں نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ آنے والی نسلوں کو ایک بہتر ماحول دینے کا ذریعہ بھی ہے۔احسن بختاوری نے کہا کہ کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ کا مقصد صرف درخت لگانا نہیں بلکہ شہریوں میں صفائی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا بھی ہے۔ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں، کچرا مناسب جگہ پر ڈالیں اور پلاسٹک کے استعمال کو کم کریں۔

چیئرمین ایف-10 مرکز ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن طاہر عباسی نے کہا کہ ہم اپنے مرکز کو اسلام آباد کا ایک ماڈل مرکز کلین اینڈ گرین موومنٹ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔صدر احمد خان نے کہا کہ صفائی اور شجرکاری صرف حکومت کا کام نہیں لکہ ہم سب کی ذمہ داری ہے، تاجر برادری اس مقصد میں پیش پیش رہے گی۔جنرل سیکرٹری نعیم اقبال نے کہا کہ ہم ہر شہری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے آس پاس کے ماحول کو صاف رکھے اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے میں حصہ ڈالے۔واک کے شرکاء نے اسلام آباد میں شجرکاری اور صفائی کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کا عزم کیا۔

متعلقہ عنوان :