ا*لاہور پارکنگ کمپنی میں پیپرلیس ای فاس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

-پی آئی ٹی بی تربیت فراہم کرے گا، چیف سیکرٹری نے تمام اداروں میں نفاذ لازمی قرار دیا

اتوار 10 اگست 2025 18:00

ڑ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2025ء) لاہور پارکنگ کمپنی کی ڈیجیٹلائزیشن کی جانب اہم پیشرفت ہوئی ہے، کمپنی میں پیپرلیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق لی پارک میں روزمرہ کی خط و کتابت ای فاس سسٹم کے ذریعے کی جائے گی، جس کے لیے افسران اور عملے کے لاگ اِن بنائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

عملے کی مزید تربیت کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کی مدد لی جائے گی۔

ای فاس سسٹم کے نفاذ سے لاگت اور وقت کی نمایاں بچت ممکن ہو گی، جب کہ اسے ماحول دوست اور محفوظ نظام سمجھا جاتا ہے۔ اس نظام کے ذریعے کہیں سے بھی دفتری امور اور خط و کتابت ممکن ہو گی۔ ای فاس کے نفاذ کے بعد مینول فائل اور روایتی خط و کتابت ختم کر دی جائے گی۔ یاد رہے کہ چیف سیکرٹری نے تمام اداروں اور محکموں میں ای فاس کا استعمال لازمی قرار دیا تھا۔