ڈپٹی کمشنر جعفرآبادکاکاشتکاروں کو زرعی پانی اور عوام کو آبنوشی کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ

اتوار 10 اگست 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ضلع جعفرآباد میں کاشتکاروں کو زرعی پانی اور عوام کو آبنوشی کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے بیدار پل سے قیدی شاخ، باری شاخ، محبت شاخ اور بالان شاخ کے ٹیل تک دورہ کیا اور پانی کی فراہمی کے عمل کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی کاشتکاروں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔

ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جعفرآباد محمد کاظم لونی نے قیدی شاخ کے ذریعے آبنوشی کی فراہمی میں درپیش مسائل سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا جبکہ زرعی پانی کی کمی اور اس حوالے سے کاشتکاروں کی شکایات پر سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل غلام سرور بنگلزئی کے ہمراہ تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کو موقع پر زرعی پانی کی فراہمی کے نظام، درپیش رکاوٹوں اور ان کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر خالد خان نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جعفرآباد کے ٹیل کے علاقوں کے کاشتکاروں کو زرعی پانی کی فراہمی اور عوام کو آبنوشی کے حوالے سے درپیش مشکلات کا فوری اور مستقل حل نکالا جائے کیونکہ ان مسائل کا تدارک نہ صرف کسانوں کی پیداوار بلکہ عوام کی بنیادی ضروریات کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے محکمہ ایریگیشن کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کی شکایات کے ازالے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ پانی کی منصفانہ اور بروقت تقسیم یقینی بنائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :