قانون نافذ کرنے میں رکاوٹ اور مزاحمت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،ڈی پی او سیالکوٹ

پیر 11 اگست 2025 12:46

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) سیالکوٹ تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقہ میں دوران ریڈ پولیس ٹیم پر حملہ میں دو اہلکاروں زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے پانچ اہلکاروں کو یرغمال بنانے کی کوشش ناکام بنا دی ۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق تھانہ کوٹلی لوہاراں سے اے ایس آئی نصیر اختر پولیس ٹیم کے ہمراہ علاقہ کوٹلی لوہاراں مشرقی میں اقدام قتل کے مقدمہ نمبر 569/25 کے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والے اسلحہ کی برآمدگی کے لیے ایک گھر پر چھاپہ مارا۔

اس دوران ملزم علی رضا نے 25 سے 30 مرد و خواتین ساتھیوں کے ہمراہ اینٹوں اور ڈنڈوں سے پولیس ٹیم پر حملہ کر دیااور فائرنگ بھی کی،ملزمان نے 5 پولیس اہلکاروں کو گھر کے اندر بند کر کے تالا لگا دیا،واقعہ میں کانسٹیبل عامر شہزاد اور نعیم اقبال زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر ایس ایچ او کوٹلی لوہاراں نے پولیس کی مزید نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر مزاحمت کاروں کے چنگل سے زخمی پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرایا۔

ملزم فریق کی طرف سے واقعہ کی نامکمل فوٹیجز شیئر کر کے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،جبکہ کچھ دیگر وڈیوز میں خواتین کو خود اپنے کپڑے پھاڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے ایس پی انویسٹی گیشن کو واقعہ کی شفاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے میں رکاوٹ اور مزاحمت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں قانون اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔