رکن صوبائی اسمبلی منشاء اللہ بٹ کا یونین کونسل مظفرپور اور عدالت گڑھا کا دورہ

پیر 11 اگست 2025 17:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے یونین کونسل مظفرپور اور عدالت گڑھا کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر نکاسی آب کے مسائل، تجاوزات اور سڑکوں پر بنے کھڈوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات کی ہدایت دی۔ دورے کے دوران چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ و ڈائریکٹر ہیلبرو طاہر صفدر، ریزیڈنٹ انجینئر پیسپ ملک اعجاز احمد، سب انجینئر پبلک ہیلتھ شاکر احمد، چیف سینٹری/تہہ بازار آفیسر مستنصر خان اور ضلع کونسل کے مقامی حکام بھی موجود تھے۔

انہوں نے میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کے عملے کو ہدایت کی کہ نالیوں اور سیوریج لائنز کی مسلسل صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ بارشوں کے دوران پانی کا فوری نکاس ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پیسپ حکام کو زہرہ میموریل ہسپتال کے سامنے بند سیوریج چیمبرز کو فوری کھولنے، ایم سی کے عملے کو ڈی سلٹنگ کے بعد چیمبرز کی مرمت و تعمیر کے احکامات جاری کیے۔

بعد ازاں انہوں نے عدالت گڑھا پھاٹک پر زیر تعمیر فلائی اوور کا بھی معائنہ کیا۔ منصوبے میں سست روی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناقص کنٹریکٹرز اور متعلقہ محکمے کی کمزور منصوبہ بندی کے باعث یہ اہم پراجیکٹ ایک سال سے التوا کا شکار ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔