راولپنڈی اور بہاولنگر پولیس کی مشترکہ کارروائی ، 9 سالہ مغوی بچہ بحفاظت بازیاب کرا لیا

پیر 11 اگست 2025 18:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) راولپنڈی اور بہاولنگر پولیس نے مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں 9 سالہ مغوی بچہ بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزم نے کمسن بچے کو راولپنڈی سے اغواء کیا اور جرم کو چھپانے کے لیے بہاولنگر منتقل کر دیا جہاں بچے کا نام بدل کر اسے وہیں رہنے کا کہا۔ بہاولنگر پولیس کو اطلاع ملنے پر ویسٹریج پولیس راولپنڈی سے فوری رابطہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

دونوں اضلاع کی پولیس کے مؤثر ربط اور بہترین پیشہ وارانہ حکمت عملی کے تحت مشترکہ آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا جبکہ اغواء کار کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ بعد ازاں مغوی اور ملزم کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔ ایس پی پوٹھوہار طلحہٰ ولی نے اس کامیاب آپریشن کو پولیس کے پیشہ ورانہ مہارت اور مربوط نیٹ ورکنگ کی عمدہ مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ زیر حراست ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی،پنجاب پولیس جرائم کے خلاف ہمہ وقت سرگرم عمل ہے اور کسی بھی سنگین جرم میں ملوث عناصر چاہے کہیں بھی جا چھپیں، پولیس انہیں ڈھونڈ نکال کر قانون کے کٹہرے تک پہنچائے گی۔

متعلقہ عنوان :