جیکب آباد کے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ پولیس مقابلے، دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

پیر 11 اگست 2025 18:18

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء) جیکب آباد کے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ پولیس مقابلے، دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان دو الگ الگ مقابلوں کے دوران دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جبکہ ان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔

پہلا پولیس مقابلہ تھانہ مولاداد کی حدود دمب تھرڑی کے قریب پیش آیا جہاں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا گرفتار زخمی کی شناخت محمد سلیم ولد گھرام جمالی سکنہ جعفرآباد بلیدی کے نام سے ہوئی اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کی گئی ہے ملزم کے قبضے سے ایک بغیر لائسنس پستول برآمد کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسرا پولیس مقابلہ تھانہ گڑہی خیرو کی حدود بھٹی بائے پاس کے قریب ہوا جہاں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک اور ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا زخمی ملزم کی شناخت حسام الدین ولد نظام الدین عرف حضور بخش سکنہ ابدال شاخ ضلع شکارپور کے نام سے ہوئی اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں ملزم کے قبضے سے بھی ایک بغیر لائسنس پستول برآمد ہوا، دونوں زخمی ملزمان کو علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے پولیس کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔