ٹھل میں معصوم بچہ ایمبولینس نہ ملنے کے باعث تڑپ کر جاں بحق، ورثا کا اسپتال کے گیٹ پر احتجاج

پیر 11 اگست 2025 18:18

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء) ٹھل میں معصوم بچہ ایمبولینس نہ ملنے کے باعث تڑپ کر جاں بحق، ورثا کا اسپتال کے گیٹ پر احتجاج۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے نواحی گاؤں گل حسن برڑو کا رہائشی ایک سالہ معصوم محمد صالح ولد ظفر برڑو کو جھٹکے کی بیماری کی وجہ سے تعلقہ اسپتال ٹھل لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بچے کو آکسیجن دینے کے بعد حالت تشویشناک ہونے پر سکھر ریفر کردیا تاہم بروقت ایمبولینس فراہم نہ ہونے کے باعث بچہ تڑپ تڑپ کر دم توڑ گیا معصوم کے جاں بحق ہونے پر ورثا نے لاش اسپتال کے گیٹ پر رکھ کر اسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی بچے کے والد ظفر برڑو اور دیگر نے الزام عائد کیا کہ بروقت ایمبولینس فراہم نہ کرنے کی وجہ سے ان کا لخت جگرجان کی بازی ہار گیا انہوں نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالرشید نوناری نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ بچے کو آکسیجن دینے کے بعد حالت بگڑنے پر ریفر کیا گیا مگر امن و امان کی صورتحال کے باعث ایمبولینس کا ڈرائیور نہیں آیا ادھر معصوم کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔