جاپان کی سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، نکی 225 انڈیکس 42983.34 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

منگل 12 اگست 2025 12:20

جاپان کی سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، نکی 225 انڈیکس 42983.34 کی بلند ترین ..
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) جاپان کی سٹاک مارکیٹ میں منگل کو زبردست تیزی دیکھی گئی اور ٹوکیوسٹاک ایکسچینج کا اہم ترین نکی 225 انڈیکس 42983.34 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔اے ایف پی کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کے دوران نکی 225 انڈیکس میں 2.8 فیصد یا 1162.86 پوائنٹس اضافہ ریکارڈ کیا گیا اوریہ بڑھ کر 42,983.34 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تاہم بعد از دوپہر کاروباری سرگرمیوں کے دوران نکی 225 انڈیکس میں معمولی کمی آئی۔

آئی وائی کاسمو سیکیورٹیز نے اپنی مارکیٹ رپورٹ میں کہا کہ امریکاچین تجارتی مذاکرات میں کشیدگی میں کمی اور امریکی شرح سود میں ممکنہ کمی سے متعلق قیاس آرائی نے جاپانی کمپنیوں کی بحالی کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی امیدوں کو تقویت دی ہے، اس رجحان کے باعث خریداری کا سلسلہ جاری رہا۔

(جاری ہے)

دوپہر کے وقفے کے بعد بھی وسیع پیمانے پر حصص میں تیزی دیکھی گئی۔

امریکی ٹیکنالوجی شیئرز میں اضافے کے بعد جاپانی ٹیک انویسٹر سافٹ بینک گروپ 7.07 فیصد اضافے کے ساتھ 14,845 ین پر پہنچ گیا جبکہ سیمی کنڈکٹر ٹیسٹنگ بنانے والی کمپنی ایڈوانٹیسٹ 7.34 فیصد بڑھ کر 11,255 ین پر پہنچ گئی۔آٹو میکر ٹویوٹا کے حصص میں 3.14 فیصد اضافہ ہوا اور اس کی قیمت 2,860 ین تک پہنچ گئی جبکہ یونیکلو کے آپریٹر فاسٹ ریٹیلنگ کے حصص 4.67 فیصد بڑھ کر 48,440 ین ہو گئے۔