رانا سکندر حیات کی زیر صدارت نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس میں سوئمنگ کلاسز کے آغاز کے حوالے سے جائزہ اجلاس

منگل 12 اگست 2025 13:11

رانا سکندر حیات کی زیر صدارت نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس میں سوئمنگ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس میں سوئمنگ کلاسز کے آغاز کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں بچوں کیلئے پہلے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹمپریچر کنٹرول سوئمنگ پول کے افتتاح کی تیاریوں اور رجسٹریشن کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ترجمان محکمہ تعلیم کیمطابق وزیر تعلیم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس میں 5 سے 12 سال تک بچوں کیلئے سوئمنگ کلاسز کا آغاز 20 اگست سے ہوگا جبکہ سوئمنگ کلاسز میں اب تک 300 سے زائد بچے رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔

اس موقع پر وزیر تعلیم نے سوئمنگ سیشنز کے حوالے سے تمام حفاظتی امور یقینی بنانے اور سوئمنگ کوچ اور لائف گارڈز کے تمام وقت موقع پر موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو سوئمنگ کے دوران کسی صورت اکیلا نہ چھوڑا جائے اور حفاظتی امور میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔

(جاری ہے)

رانا سکندر حیات نے کہا کہ یہ بچوں کیلئے پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ ٹمپریچر کنٹرول سوئمنگ پول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس مڈل کلاس طبقے کیلئے ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کا بہترین ادارہ بن رہا ہے۔ اس کو جدید سہولیات سے آراستہ کرتے ہوئے ارلی ائیر کے مہنگے اداروں کے مقابلے میں عام آدمی کی پہنچ میں لا رہے ہیں۔