گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو جدید کثیرالمقاصد مشینیں فراہم کر دی گئیں

منگل 12 اگست 2025 16:42

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو جدید کثیرالمقاصد مشینیں فراہم کر دیں جو ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی مشینیں ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی بینک کے تعاون سے کائٹ پروگرام کے تحت یہ مشینیں حاصل کی گئی ہیں، یہ ہائی پرفارمنس مشینیں برفباری کے دوران سڑکوں کو کھلا رکھنے، برف اور گلیشیئر ہٹانے، گرے درخت، ملبہ اور رکاوٹیں صاف کرنے سمیت سات مختلف کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، مزید چار مشینوں کی خریداری کا عمل بھی جاری ہے۔

ان مشینوں کی دستیابی سے سردیوں میں بھی سیاحتی علاقوں تک آسان رسائی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جانوں کا تحفظ ممکن ہو گا۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت سیاحتی مقامات کو محفوظ، قابلِ رسائی اور پرکشش بنانے کیلئے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور نئے سیاحتی منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔