ایبٹ آباد،کاکول میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں چہلم کا جلوس علم و ذاولجناح نکالا گیا

منگل 12 اگست 2025 20:40

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) ایبٹ آباد کے علاقے کاکول میں نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں چہلم کے موقع پر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ جلوسِ علم و ذوالجناح اور مجلسِ عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر سے بڑی تعداد میں مومنین اور عزاداروں نے شرکت کی۔ جلوسِ عزاداری کا آغاز امام بارگاہ "بہ وطن سرکار" کاکول سے ہوا جو مقررہ اور روایتی راستوں سے گزرتا ہوا دوبارہ اسی مقام پر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس کے دوران شرکاء نے نوحہ خوانی،سینہ کوبی اور ماتم کرتے ہوئے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جلوس میں علم ذوالجناح اور تابوت کی زیارت کے لیے مرد،خواتین،بزرگ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

جلوس کے اختتام پر مجلسِ عزا منعقد ہوئی جس سے نفاذ فقہ جعفریہ کے ڈویژنل صدر نذر خان نے خطاب کیا۔انہوں نے کربلا کے تاریخی پس منظر،امام حسینؑ کی قربانی کا فلسفہ اور یزیدی فکر کے خلاف امام عالی مقام کے انقلابی پیغام پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

نذر خان نے کہا کہ کربلا صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک نظریہ اور تحریک ہے جو باطل کے مقابلے میں حق کی سر بلندی،ظلم کے خلاف مزاحمت اور عدل و انصاف کی بالادستی کی علامت ہے،امام حسینؑ نے اپنے عمل سے رہتی دنیا تک یہ پیغام دے دیا کہ دین محمدی کی بقاء کے لیے سر دینا پڑے تو گریز نہ کیا جائے،جلوس کے دوران پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔