ایم این اے سید رفیع اللہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کے چیئرمین منتخب

منگل 12 اگست 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل نے منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں سید رفیع اللہ ایم این اے کو متفقہ طور پر کمیٹی کا چیئرمین منتخب کر لیا۔ جوائنٹ سیکرٹری (کمیٹیز)، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس میں کمیٹی ارکان کا خیر مقدم کیا اور چیئرمین کے انتخاب کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا۔

ایم این اے/ممبر ذوالفقار علی بھٹی نے ایم این اے سید رفیع اللہ کا نام کمیٹی کے چیئرمین کے لیے تجویز کیا جبکہ ایم این اے و رکن کمیٹی محمد الیاس چوہدری نے ان کی امیدواریت کی حمایت کی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایم این اے سید رفیع اللہ کو متفقہ طور پر قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

جوائنٹ سیکرٹری (کمیٹیز) نے معزز سپیکر، ڈپٹی سپیکر، سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی کی جانب سے نومنتخب چیئرمین کو مبارکباد دی اور انہیں کمیٹی کے موثر اور کارآمد کام کے لیے سیکرٹریٹ کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ نومنتخب چیئرمین کمیٹی  نے ان پر اعتماد کرنے پر اراکین کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اتفاق رائے سے کمیٹی کے کام کو چلانے کی یقین دہانی کرائی۔

اراکین نے معزز چیئرمین کے خیالات کو سراہتے ہوئے انہیں قانون سازی کے عمل میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ ایم این اے و چیف وہپ (حکمران پارٹی) ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور  ایم این اے و وہپ (پی پی پی پی) اعزاز حسین جاکھرانی نے بھی نومنتخب چیئرمین کو مبارکباد دی اور کمیٹی کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کیا۔ اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال، ذوالفقار علی بھٹی، میاں خان بگٹی، فتح اللہ خان، ذوالفقار علی بہان، ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو، صوفیہ سعید شاہ، محمد الیاس چوہدری، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور اعجاز حسین جاکھرانی کے علاوہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔