اسرائیل کو اسلحہ فراہمی فوری روکی جائے، یورپی کونسل کا رکن ممالک سے مطالبہ

بدھ 13 اگست 2025 09:00

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) یورپی ملکوں کی مشترکہ کونسل نے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جاری انسانی صورت حال کے پیش نظر اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی روک دیں۔ کیونکہ یہ اسلحہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے استعمال ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

العربیہ کے مطابق یورپی کونسل کے کمشنر مائیکل او فلیہرٹی نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ رکن ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنی پوری کوشش کریں کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھائیں اور غزہ میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔

ان کا اپنے بیان میں کہنا تھا اس تناظر میں لازم ہے کہ اسلحہ فراہمی کے لیے بین الاقوامی قانون میں دیے گئے معیارات کی پیروی کی جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ فراہم کیا جانے والا اسلحہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ بھی لازم ہے کہ جو لوگ اس جنگ سے متاثرہو رہے ہیں ان کی انسانی بنیادوں پر مدد کی کوششیں بھی جاری رہے تاکہ انہیں بلا روٹوک انسانی بنیادوں پر خوراک اور دوسری اشیا کی فراہمی ہو سکے۔