ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کا ازبکستان کے توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے کا اعلان

بدھ 13 اگست 2025 10:50

تاشقند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے ازبکستان کے توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ازبک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ازبکستان نیشنل الیکٹرک گرڈ کے بورڈ کے چیئرمین داداجون اساکولوف نے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کے پبلک سیکٹر کلائنٹس ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل شیاو ہونگ یانگ کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کی۔

ادارے کی پریس سروس کے مطابق ملاقات میں باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا بالخصوص ازبکستان کے توانائی نظام میں جاری اصلاحات، گرین اکانومی کی طرف منتقلی کے پروگرام اور اس میں سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ شیاو ہونگ یانگ نے ملک کے توانائی شعبے میں جاری تبدیلیوں کو سراہا اور تعاون میں توسیع کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اساکولوف نے جوائنٹ اسٹاک کمپنی کے تحت مکمل کیے گئے بڑے سرمایہ کاری منصوبوں اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی معاونت سے حاصل ہونے والے نتائج پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی شعبے کی ترقی ازبکستان کی حکومت اور اے آئی آئی بی کے درمیان مضبوط شراکت داری کا ایک اہم ترجیحی شعبہ ہے۔فریقین نے آئندہ کے سرمایہ کاری منصوبے پیش کیے اور ان کی سماجی و معاشی اہمیت اور ماحولیاتی اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت کے بعد اس ملاقات کو تعاون کو مزید گہرا کرنے اور نئی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے نہایت اہم قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :