جوہری پروگرام کبھی ترک نہیں کریں گے،شمالی کوریا کا اعلان

منگل 30 ستمبر 2025 16:36

جوہری پروگرام کبھی ترک نہیں کریں گے،شمالی کوریا کا اعلان
اقوام متحدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء)شمالی کوریا نے جوہری پروگرام کو اپنی خودمختاری اور حقِ وجود سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں اپنا جوہری پروگرام ترک نہیں کرے گا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات نائب وزیر خارجہ کم سون گیونگ نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کہی۔ انہوں نے کہا ہے کہ شمالی کوریا سے جوہری تخفیفِ اسلحہ کا مطالبہ دراصل اس کی خودمختاری اور وجود کے حق سے دستبرداری کے مترادف ہے۔

ہم کسی بھی حالت میں اپنے جوہری پروگرام کو ترک نہیں کریں گے۔ہم کبھی بھی اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ، اپنے حقِ وجودکو نہیں چھوڑیں گے اور اپنے آئین کی خلاف ورزی نہیں کریں گے۔کم سون گیونگ نے کہا کہ ہماری ریاست کی دفاعی طاقت میں اضافہ، جو امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت کے بڑھتے ہوئے خطرے کے تناسب سے کیا گیا ہے، دشمن قوتوں کے جنگی عزائم کو مکمل طور پر روکنے میں کامیاب رہا ہے اور جزیرہ نما کوریا میں طاقت کا توازن قائم رکھنے کو یقینی بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم کبھی بھی اپنے جوہری پروگرام سے دستبردار نہیں ہوں گے کیونکہ یہ ہمارا ریاستی قانون، قومی پالیسی، خودمختار حق اور ہمارے وجود کا ضامن ہے۔ کسی بھی صورتِ حال میں ہم اپنے اس مقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔