Live Updates

طاقتور سمندری طوفان ’’پوڈل‘‘ تائیوان کے جنوب مشرقی ساحل سے ٹکرا گیا، سیکڑوں پروازیں منسوخ

بدھ 13 اگست 2025 13:19

تائی پے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) طاقتور سمندری طوفان ’’پوڈل‘‘ تائیوان کے جنوب مشرقی ساحل سے ٹکرا گیاجس کے باعث سیکڑوں ملکی و بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق 191 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک کی تیز ہوائوں کے ساتھ آنے والے سمندری طوفان کے باعث بدھ کو جنوبی اور مشرقی حصوں کے بڑے علاقے بند رہے ۔

تائیوان کے محکمہ موسمیات کے مطابق پوڈل مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے جنوب مشرقی شہر تائتُنگ سے ٹکرایا۔ صبح کے وقت تائتُنگ کے شہریوں کو بھیجے گئے موبائل الرٹس میں کہا گیا کہ طوفان کی تباہ کن ہوائیں متوقع ہیں، فوراً پناہ لیں۔طوفان کے باعث جنوبی میٹروپولیس کاوشیونگ اور تائنان سمیت 9 شہروں میں کام اور تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

سرکاری حکام کے مطابق طوفان پوڈل سے پہلے ہی 5500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ٹرانسپورٹ وزارت نے بتایا کہ بدھ کو تمام 252 ملکی پروازیں اور 129 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ چائنا ایئرلائنز اور ایوا ایئر نے کہا کہ کاوشیونگ سے روانہ ہونے والی پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ جزیرے کے مرکزی بین الاقوامی ایئر پورٹ تاؤیوان سے بھی کئی پروازیں روک دی گئی ہیں۔ماہرین کے مطابق سمندری طوفان تائیوان کے زیادہ گنجان آباد مغربی ساحل کو نشانہ بنائے گا اور اس کے بعد اس ہفتے کے آخر میں چین کے جنوبی صوبے فوجیان کا رخ کرے گا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں میں جنوبی پہاڑی علاقوں میں 600 ملی میٹر تک بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :