Live Updates

مویشی پال حضرات کو بھیڑ بکریوں کو محفوظ رکھنے کے لیےاحتیاطی تدابیر اختیار کرنے بارے ہدایت جاری

بدھ 13 اگست 2025 16:19

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک پسرور ڈاکٹر عقیل سہیل نے مویشی پال حضرات کو مون سون کے موسم میں بھیڑ بکریوں کو محفوظ رکھنے کے لیےاحتیاطی تدابیر اختیار کرنے بارے ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے بتا یا کہ بھیڑ بکریوں کو پناہ گاہ اور خشک جگہ کو بارش اور نمی سے بچانے کے لیے چھت والی، ہوا دار اور خشک جگہ فراہم کریں،فرش پر خشک بھوسہ یا لکڑی کا برادہ بچھا کر نمی کم کریں اوربارش کا پانی اندر نہ آنے دے، نکاسی کا بہتر انتظام کریں۔

انہوں نے کہا کہ گیلے یا سڑے ہوئے چارے سے پرہیز کریں، کیونکہ اس سے معدے کی بیماریاں اور زہر (ٹاکسن) پیدا ہو سکتا ہے۔صاف اور ابلا ہوا یا کلورین ملا پانی پلائیں تاکہ پانی سے پھیلنے والی بیماریاں نہ ہوں۔

(جاری ہے)

مون سون میں نم اور گندے ماحول میں جلدی بیماریاں، جیسے خارش، فنگس، اور پاؤں کی بیماریاں زیادہ ہوتی ہیں روزانہ جانچ کریں، ویکسی نیشن اور کیڑوں/جوؤں سے بچاؤ کا اسپرے یا دوائی بروقت دیں۔

زخم کو فوراً صاف کر کے دوا لگائیں تاکہ انفیکشن نہ ہو۔پانی جمع ہونے والی یا کیچڑ والی جگہوں پر نہ چرائیں کیونکہ یہ کیڑے اور جراثیم کی افزائش گاہ ہوتی ہیں اور سانپ اور دیگر خطرناک جانوروں سے بچاؤ کے لیے چراگاہ کی نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کمزور یا بیمار جانوروں کو الگ رکھ کر علاج کریں۔ ایمر جنسی کی صورت میں ہیلپ لائن یا متعلقہ محکمے سے رجوع کریں ۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات