پرپلکسیٹی اے آئی کی گوگل کروم براؤزر کی خریداری کیلئے 34.5 ارب ڈالر کی پیشکش

بدھ 13 اگست 2025 16:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) امریکی سافٹ وئیر کمپنی ’’پرپلکسیٹی اے آئی‘‘ نے گوگل کے کروم براؤزر کی خریداری کیلئے 34.5 ارب ڈالر کی پیشکش کی ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ابھرتی ہوئی کمپنی پرپلکسیٹی اے آئی نے گوگل (الفابیٹ کی ذیلی کمپنی) کے زیر ملکیت کروم براؤزر کو خریدنے کے لیے 34.5 ارب امریکی ڈالر کی پیشکش کی ہے۔

یہ پیشکش نسبتاً معمولی سمجھی جا رہی ہے تاہم کمپنی کی موجودہ مارکیٹ ویلیو 14 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

پرپلکسیٹی کا مقصد اس ممکنہ خریداری کے ذریعے مصنوعی ذہانت پر مبنی سرچ کی دوڑ میں برتری حاصل کرنا ہے اور وہ کروم کے 3 ارب سے زائد صارفین کے بیس کو استعمال میں لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب گوگل کو ریگولیٹری دباؤ کا سامنا ہے اور وہ امریکی عدالت کے گزشتہ سال کے اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس میں اسے انٹرنیٹ سرچ میں غیر قانونی اجارہ داری کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔رائٹرز کے مطابق معاملے سے واقف ایک ذریعے نے بتایا کہ کئی فنڈز نے اس ڈیل کی مکمل فنانسنگ کی پیشکش کی ہے۔