سی ای او ویسٹ مینجمنٹ سرگودھا کاناقص صفائی پرایکشن،2 سپروائزرزملازمت سے فارغ

بدھ 13 اگست 2025 17:13

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا شاہد عمران نے صفائی کے ناقص انتظامات پرسخت ایکشن لیتے ہوئے سرگودھا کے نواحی چک نمبری 124 جنوبی اور شاہین آباد کے سپروائزرز کو ملازمت سے فارغ کردیا اور متعلقہ اسسٹنٹ منیجرز کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں جبکہ غیر ذُمہ داری پر کنٹریکٹرز پر بھاری جرمانےعائد کیے گئے۔

سی ای او رانا شاہد عمران نے بدھ کے روز بغیر اطلاع کے چک نمبری 124 جنوبی، شاہین آباد اور تحصیل سلانوالی کا اچانک دورہ کیا ۔ انہوں نے گلیوں، بازاروں اور کچرے کے اسٹور پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران علاقہ مکین بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور اُنہوں نے کچرا بروقت نہ اُٹھانے، صفائی عملے کی غیر حاضری اور گندگی کے ڈھیروں سے متعلق شکایات پیش کیں۔

(جاری ہے)

شہریوں کے مسائل سننے کے بعد سی ای او نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دی کہ صفائی کے معیار میں کسی بھی قسم کی کمی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی سہولت ہماری پہلی ترجیح ہے، کام نہ کرنے والے افسر اور عملہ ادارے میں رہنے کے حقدار نہیں۔ فیلڈ میں کارکردگی دکھانے والے ہی اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے، بصورت دیگر فوری کارروائی ہو گی۔ سی ای او نے موقع پر صفائی کے اضافی عملے کو تعینات کرنے، کچرا فوری اٹھانے اور رہائشی علاقوں میں صفائی کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں فعال کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی ساکھ عوامی خدمت اور عملی کارکردگی سے قائم ہوتی ہے، اس لیے ہر اہلکار کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنا ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :