چوہدری شافع حسین کی داتا دربار حاضری، چادر چڑھائی ،فاتحہ خوانی کی ، ملک کی ترقی و خوشحالی ،امن و سلامتی کیلئے خصوصی دعا

داتا دربار کے توسیعی منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے ،یہ منصوبہ اسی سال مکمل ہوگا‘صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور شافع حسین

بدھ 13 اگست 2025 20:59

چوہدری شافع حسین کی داتا دربار حاضری، چادر چڑھائی ،فاتحہ خوانی کی ، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے داتا دربار حاضری دی۔صوبائی وزیر نے دربار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔اس موقع پر ملک کی ترقی و خوشحالی اور امن و سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔صوبائی وزیر نے حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ کے عرس کے موقع پر زائرین کو دی جانے والی سہولیات اور لنگر کا معیار چیک کیا ۔

سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخآری،ڈی جی مزہبی امور،ایڈمنسٹریٹر داتا دربار اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے میڈیا کے نمائندوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ علیہ نے خطے میں اسلامی تعلیمات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

ان کے آستانہ پر دنیا بھر سے عقیدت مند حاضری کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ علیہ کے 982 ویں سالانہ عرس مبارک کی 3 روزہ تقریبات جاری ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اس مرتبہ زائرین کی سہولت کیلئے پہلے سے بڑھ کر انتظامات کئے گئے ہیں۔زائرین کی سیکیورٹی کے بھی بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔عرس کی تقریبات کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ درباروںاور مساجد میں صفائی اور لنگر کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہاکہ داتا دربار کے توسیعی منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور یہ منصوبہ اسی سال مکمل ہوگا۔