دنیا کا پہلا مکمل اے آئی انگلش نیوز چینل 14 اگست کو لانچ کردیا گیا

ڈسکورپاکستان ٹی وی کا میڈیا انڈسٹری میں ایک اور انقلابی قدم

بدھ 13 اگست 2025 23:16

دنیا کا پہلا مکمل اے آئی انگلش نیوز چینل 14 اگست کو لانچ کردیا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست 2025ء) پاکستان کے نمبرون انفوٹینمنٹ ٹی وی ڈسکورپاکستان نے دنیا کا پہلا مکمل اے آئی انگلش نیوز چینل پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر لانچ کردیا ہے۔ پاکستان ٹوڈے نیوز کے نام سے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اس منفرد چینل کے فاؤنڈر اور سی ای او ڈاکٹرقیصر رفیق ہیں۔ جو ڈسکورپاکستان کے فاؤنڈر اور سی ای او بھی ہیں۔

ڈاکٹر قیصر رفیق کی نگرانی میں پاکستان ٹوڈے انگلش نیوز کی اے آئی پراجیکٹ انچارج مس عروج عارف، انکےساتھی حیدر علی اور ماہر ٹیم نے کئی ماہ کی انتھک محنت کے بعد اس چینل کی لانچنگ کو ممکن بنایا ہے ۔ یہ پاکستان سمیت دنیا بھر کا پہلا مکمل اے آئی سیٹلائٹ نیوزچینل ہے ، جس میں تمام اینکرز، رپورٹرز اور تجزیہ کار اے آئی ہونے کے ساتھ ساتھ مکمل پروڈکشن بھی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے ہی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹوڈے انگلش نیوز کی نشریات پوری دنیا میں وسیع سیٹلائٹ اور ڈیجیٹل نیٹ ورک کے ذریعے دیکھی جاسکیں گی۔ پاکستان ٹوڈے انگلش نیوز دنیا بھر کی تازہ ترین خبریں، بریکنگ نیوز، نیوز بلٹنز ، کرنٹ افیئرز پروگراموں کے علاوہ دستاویزی فلمیں،انٹرٹینمنٹ،ٹیک اورسپورٹس کے خصوصی پروگرام بھی نشر کرے گا۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان اور دنیا بھر میں وقوع پذیر ہونے والی خبریں اور واقعات کم ترین وقت میں آپ سکرین پر دیکھ سکیں گے۔

پاکستان ٹوڈے انگلش نیوز کے نام سے اس اے آئی نیوزچینل کا مین سٹوڈیو لندن میں قائم کردیا گیا ہے، جہاں سے یہ آن ایئرہوکر اپنی نشریات جاری رکھے گا۔ پاکستان ٹوڈے نیوز کے گلوبل رپورٹنگ نیٹ ورک کوبھی سنٹرل سٹوڈیو لندن سے ہی کنٹرول کیا جائے گا۔