ملک میں موٹربائیکس حادثات کی شرح سب سے زیادہ 65 فیصد ہے جو خطرناک صورتحال ہے

زیادہ تر ٹریفک حادثات اوور سپیڈنگ کی وجہ سے پیش آتے ہیں، پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں، سستی پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ پر شفٹ ہو رہے ہیں۔ وزیرٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 13 اگست 2025 22:22

ملک میں موٹربائیکس حادثات کی شرح سب سے زیادہ 65 فیصد ہے جو خطرناک صورتحال ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 13 اگست 2025 ) پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام UET میں محفوظ سفرمحفوظ پاکستان کے عنوان سے سیمنار اور واک کا انعقاد کیا گیا جس میں ٹرانسپورٹ،، ٹریفک پولیس اور ریسکیو 1122 کے حکام سمیت  یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے سیمنار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی  ڈاکٹر احمد خاور شہزاد نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کا مقصد محفوظ ٹرانسپورٹیشن کو یقینی بنانا ہے اور یہی وجہ ہے کہ حادثات کی روک تھام کیلئے موٹر بائیکس کی حد رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں  پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے تحت سڑکوں کا معیار اور ان کی حفاظت کیلئے بہترین اقدامات کو بھی  یقینی بنایا جائیگا۔

PRSA کے تحت پاکستان کے 78ویں جشن آزادی کے موقع پر پہلے ایسے سیمنار کو منعقد کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ لوگوں میں ٹریفک رولز سے آگاہی کیساتھ ساتھ ایک زمہ دار شہری ہونے کا  احساس بھی اجاگر کروایا جا سکے۔ وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ  بلال اکبر خان نے روڈ سیفٹی کی پہلی آگاہی مہم کے کامیاب انعقاد پر PRSA کے اقدام کو سراہا اور شرکاء سے خطاب میں کہا کہ سفر کو محفوظ بنانے اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے حکومت تمام ضروری اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔

  زیادہ تر حادثات اوور سپیڈنگ کی وجہ سے پیش آتے ہیں جبکہ ڈرائیورز کی ٹریننگ کیساتھ ساتھ محفوظ ڈرائیونگ کیلئے شعوری مہمات بھی بہت ضروری ہیں۔ ہمارے ملک میں موٹر بائیکس حادثات کی شرح سب سے زیادہ تقریبا  65 فیصد ہے جو ایک خطرناک صورتحال ہے۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں مسلسل انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کی زندگیوں کو محفوظ و پرسکون بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہی ہیں۔

ہم سستی اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے  الیکٹرک اور ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ پر شفٹ ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ  سواری سے خودمختاری بائیکس سکیم کے تحت 20 ہزار سے زائد  اسٹوڈنٹس کو بائیکس حکومت کے پہلے ہی سال فراہم کی گئی ہیں۔ کچھ عرصہ قبل 27 الیکٹرک بسوں کیساتھ لاہور میں ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ کا آغاز کر چکے ہیں جبکہ پنجاب کیدیگر تمام اضلاع میں بھی سینکڑوں الیکٹرک بسیں آئندہ چند ہفتوں میں چلانے جا رہے ہیں۔

ہمارا عزم ہے کہ عوام کو مزید جدید اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کریں۔ پاکستان کے 78 ویں جشن آزادی کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں اپنا یوم آزادی تعمیری سوچ کے ساتھ مناتی ہیں اس لیے اس یوم آزادی پر ہمیں محفوظ سفر اور باشعور قوم بننے کا دوبارہ عہد کرنا چاہیے۔ آج  اپنی اور دوسروں کی جانوں کی حفاظت کیلئے ٹریفک قوانین کی پاسداری کرنے کا عزم بھی کریں۔ سیمنار سے  ڈائریکٹر  پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ڈاکٹر  احمد خاور شہزاد   اور وائس چانسلر  UET ڈاکٹر شاہد منیر نے بھی خطاب کیا۔ سیمنار کے بعد آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں سٹوڈنٹس اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔