Live Updates

بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں بدامنی جبکہ سندھ کے عوام پر کچے پکے کے ڈاکو مسلط ہیں

پنجاب میں کسان رُل رہا اور عوام مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں، صوبائی حکومت کے نمائشی اقدامات جاری ہیں، نظام بدل کر قوم کو مایوسی سے نکالیں گے۔ امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 13 اگست 2025 22:39

بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں بدامنی جبکہ سندھ کے عوام پر کچے پکے ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 13 اگست 2025 ) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور اس کے عوام کو آزادی کے حقیقی مقاصد سے روشناس کرے۔ منصورہ سے جاری قوم کے نام پیغام میں انہوں نے فرسودہ نظام کو بدلنے اور اس کے لئے پرامن مزاحمت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کہ 78برس گزرنے کے باوجود پاکستان پر وہی افراد اور ٹولہ قابض ہے جن سے آزادی کے لیے اسلامیان برصغیر نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں بے مثال قربانیاں دی تھیں۔ جاگیر داروں، خاندانی پارٹیوں، سول اور ملٹری بیوروکریسی نے جابرانہ نظام مسلط کررکھا ہے۔ کالے انگریزوں کی وجہ سے عوام کو صحت کی سہولیات دستیاب نہیں، نظام تعلیم خوفناک حد تک طبقاتی ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ تین کروڑ کے قریب بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ کرپشن، اقربا پروری نے ادارے بردبادی کی نہج پر پہنچ چکے ہیں، اظہار رائے پر پابندی ہے۔ حکمرانوں نے میڈیا کا گلا دبایا ہوا ہے اور جمہوری آزادیوں کو سلب کر رکھا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال انتہائی کشیدہ، بلوچستان اور کے پی میں بدامنی کا راج ہے تو سندھ کے عوام پر کچے اور پکے کے ڈاکو مسلط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسان رل رہا ہے، عوام مہنگائی کے ہاتھوں تنگ اور صوبائی حکومت کے نمائشی اقدامات جاری ہیں۔ قومی معیشت سود کے نرغے میں، صنعتیں ویران تو زراعت کا براحال ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک تاحال امریکی غلامی کے نرغے میں ہے، حکمران ہر امریکی صدر کی چاپلوسی کرتے ہیں، خارجہ پالیسی آزاد نہیں، کشمیر کے مسئلہ پر حکومت بات کرنے کو تیار نہیں، فلسطینیوں کے لیے محض کھوکھلے بیانات دیے جارہے ہیں۔

فلسطین و کشمیر پر دعوے نہیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک کے نوجوان کو جان بوجھ کر مایوسی و ناامیدی کی جانب دھکیلا جارہا ہے، ان تمام حالات کے باوجود ہم پر عزم ہیں اور نظام بدل کر قوم کو مایوسی سے نکالیں گے۔ انھوں نے کہا کہ قوم کو یوم آزادی اس عہد اور جذبے سے منانا چاہیے کہ وہ وطن عزیز کے لیے اور نسلوں کے مستقبل کے لیے جدوجہد کا آغاز کریں گے۔

جماعت اسلامی ملک کے تمام محروم طبقات اور فرسودہ نظام کو بدلنے کی خواہش رکھنے والے افراد کے ساتھ ہے، ہم قوم سے عہد کرتے ہیں کہ بانیان پاکستان کی امنگوں کے مطابق ملک کی تعمیر کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پاکستان انشا اللہ بہت جلد دنیا کے نقشے پر حقیقی فلاحی اسلامی ریاست کے طور پر ابھرے گا جو نہ صرف امت بلکہ دنیا کے تمام مظلوم انسانوں کا ترجمان ہوگا۔ 
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات