ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد کی زیر صدارت یکم ستمبر سے انسداد پولیو مہم کے آغاز کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

بدھ 13 اگست 2025 20:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد کی زیر صدارت بدھ کے روز انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ،جس میں یکم ستمبر سے ضلع بھر میں شروع ہونے والی SNID (Sub-National Immunization Days) پولیو مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر،اسسٹنٹ کمشنر،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین،محکمہ صحت کے دیگر افسران،عالمی ادارہ صحت کے نمائندے اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے اجلاس کے شرکاء کو پولیو مہم کے شیڈول،ٹارگٹس،ٹیمز کی تیاری،سکیورٹی انتظامات اور دیگر تکنیکی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اشتیاق احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ صحت اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ قومی ذمہ داری کے اس اہم فریضے کو بھرپور جذبے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ایک مہلک اور عمر بھر کی معذوری کا سبب بننے والا وائرس ہے جس سے بچاؤ صرف بروقت ویکسینیشن کے ذریعے ممکن ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر ٹیم کو مکمل تربیت دی جائے،مائیکرو پلاننگ کو بہتر بنایا جائے اور ہر یونین کونسل،گاؤں،ہر گھر تک رسائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے والدین،علماء،اساتذہ،کمیونٹی لیڈرز اور مقامی نمائندوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور اپنی قومی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔اجلاس میں سکیورٹی،مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی تاکہ پولیو مہم کو مؤثر اور کامیاب بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :