جشن آزادی ، معرکہ حق اور یوم چہلم کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ ، ڈی آئی جی سکھر کے سخت احکامات

بدھ 13 اگست 2025 22:20

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ڈی آئی جی سکھر نے جشن آزادی ، معرکہ حق اور چہلم کے موقع پر ڈویژن بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور فول پروف انتظامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔ اعلامیہ کے مطابق ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے جشن آزادی معرکہ حق و وطن عزیز کے 78 ویں یوم آزادی اور چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر سکھر رینج میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی ہے ۔

ریلیوں، تقریبات چہلم کے جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے سکھر، خیرپور میر اور گھوٹکی کے ایس ایس پیز کو احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ ڈی آئی جی سکھر نے ہدایات میں کہا کہ شر پسند عناصر اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے اور امن امان کی فضاء کو ہر صورت قائم رکھنے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں ۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی سکھر رینج نے جشن معرکہ حق و یوم آ زادی اور چہلم سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے موقع پر سکھر رینج کے تمام ایس ایس پیز کو غیر معمولی حفاظتی انتظامات پر مشتمل فول پروف سیکورٹی پلان ترتیب دینےاور عوام کی جان ومال عزت آبرو کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔

ڈی آئی جی سکھر رینج نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم آزادی اور چہلم شہدائے کربلا کے سیکورٹی پلان کے مطابق تمام افسران و اہلکار مستعدی سے اپنے فرائض انجام دیں اور کسی بھی قسم کی غفلت و لاپرواہی کی صورت میں محکمہ جاتی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔