سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد ہاشم غلزئی کا واٹر ورکس پمپنگ سٹیشن کا تفصیلی دورہ

جمعہ 15 اگست 2025 17:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد ہاشم غلزئی نے شہر کو پانی فراہم کرنے والے واٹر ورکس پمپنگ اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے پانی کی ترسیل کے نظام، مشینری اور مکمل آپریشنل سسٹم کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مومن بلوچ نے سیکریٹری کو شہر میں پانی کی فراہمی سے متعلق درپیش مسائل، ڈسٹری بیوشن کے نظام، بجلی کی مشکلات، اسٹوریج ٹینکوں کی گنجائش اور کمیونٹی واٹر ٹینکس کی عدم دستیابی کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔

سیکریٹری محمد ہاشم غلزئی نے شہر میں پانی کی سپلائی کے طریقہ کار کا بغور معائنہ کیا اور پمپنگ سٹیشن کا رجسٹر بھی چیک کیا تاکہ یہ جان سکیں کہ ہر وارڈ کو روٹیشن کی بنیاد پر کتنے دن بعد پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ایسے علاقے جہاں زیادہ تر غریب آبادی رہائش پذیر ہے اور جن کے پاس سٹوریج ٹینک یا پانی ذخیرہ کرنے کی سہولت موجود نہیں، وہاں پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہ آنے دی جائے اور اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔بعد ازاں، سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے جی ڈی اے کے تعمیر کردہ نئے پمپنگ ٹینک اور جدید مشینری کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انجینئر داد کریم بلوچ اور انجینئر ساجد سخی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :