اٹلی کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 27 افراد ہلاک

یو این جمعہ 15 اگست 2025 20:00

اٹلی کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 27 افراد ہلاک

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 15 اگست 2025ء) پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر) نے تصدیق کی ہے کہ اٹلی کے جنوب میں واقع جزیرے لیمپیڈوسا کے قریب کشتی الٹنے سے 27 تارکین وطن اور پناہ گزین ہلاک ہو گئے ہیں۔

'یو این ایچ سی آر' اس حادثے میں زندہ بچ جانے والے 60 افراد کو ضروری مدد فراہم کر رہا ہے۔ اٹلی کی کوسٹ گارڈ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کی فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق کشی پر سوار لوگ لیبیا سے آ رہے تھے اور ان کی منزل اٹلی تھا۔

افریقہ کے ساحل سے اٹلی کا سفر اختیار کرنے والے تارکین وطن اور پناہ گزین عام طور پر خستہ حال کشتیوں پر سوار ہوتے ہیں جن میں گنجائش سے کہیں زیادہ لوگوں کو بٹھایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ان لوگوں کو انسانی سمگلر بحیرہ روم کے اس خطرناک سمندری راستے سے یورپ کی طرف بھیجتے ہیں جن میں بیشتر کی ابتدائی منزل لیمپیڈوسا ہوتا ہے۔

محفوظ مہاجرت پر زور

پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر فلیپو گرینڈی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بتایا ہے کہ رواں سال وسطی بحیرہ روم کے راستے یورپ تک پہنچنے کی کوشش میں 700 سے زیادہ تارکین وطن اور پناہ کے خواہش مند لوگوں کی ہلاکت ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس مسئلے پر قابو پانے اور زندگیوں کو تحفظ دینے کے لیے سمندر میں بچاؤ کی کارروائیوں کو بہتر بنانا، لوگوں کو مہاجرت کے محفوط راستے مہیا کرنا اور پناہ گزینوں کی عبوری منازل سمجھے جانے والے ممالک کو اس مسئلے سے نمٹنے میں مدد دینا ضروری ہے۔