وزیراعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کی جانب گامزن ہے،پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا، سردارایاز صادق

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 20:18

وزیراعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کی جانب گامزن ہے،پاکستان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی جانب گامزن ہے ،دنیا پاکستانی معیشت کی معترف ہے،پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا،پاک سعودی دفاعی معاہدہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے،حلقے میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز واڑہ گجراں یو سی 175میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ بھی موجود تھے ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی بہترین حکمت عملی کی بدولت ملک کی معیشت مستحکم ہو چکی ہے ،دنیا کااب پاکستان پر اعتماد بڑھتا جارہا ہے ، مسلم لیگ ن نے جب بھی اقتدار سنبھالا ہے ملک کو بحرانوں سے نکالا ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان سے جو معاہدہ کیا ہے وہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے ، روضہ رسول ﷺ اور خانہ کعبہ کی حفاظت کی ذمہ داری پاکستان کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں، پاک سعودی معاہدہ کے مطابق سعودی عرب پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا جبکہ پاکستان پر حملہ سعودی عرب پر حملہ تصور ہوگا، معرکہ حق میں اللہ تعالی نے پاکستان کو عزت دی اور پاک افواج نے بھارت کے قیمتی رافیل طیارے گرائے ، اس عظیم کامیابی پر امریکہ اور ترکیہ کے سربراہان پاکستانی قیادت اور سپہ سالار سے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ملاقاتیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرر ہا ،اسرائیل میں جنگ نہیں ہورہی بلکہ قتل عام ہورہا ہے،پاکستان اور دیگر آٹھ ممالک نے اسرائیل کو غزہ سے نکلنے کی بات کی ہے لہذااس پر سیاست نہ کی جائے، یہ وہ سیاست ہے جو نہ تو فلسطین کے عوام کی خدمت ہے اور نہ مسلم امہ کیلئے اچھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان کا چین کے ساتھ سی پیک معاہدہ ہوا تو اس منصوبے کے خلاف سازش ہوئی اور اب سی پیک ٹو ہو نے جارہا ہے تو پھر پاکستان کی ترقی کے خلاف سازش ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو عناصر پاکستان اور سی پیک کیخلاف سازش کررہے ہیں ان کا محاسبہ کیا جائے گا ،حکومت اور سکیورٹی فورسز مل کر ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ایاز صادق نے مزید کہا کہ سینیٹر مشتاق کی رہائی کیلئے حکومت کوششیں کررہی ہے،آزاد کشمیر میں جن لوگوں نے قانون کوہاتھ میں لیا ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )ایک عوامی جماعت ہے اور اسے عوامی مسائل کا پوری طرح ادر اک ہے ، ملک بھر میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف وفاق اور وزیر اعلیٰ مریم نواز پنجاب میں عوام کی خدمت کیلئے دن رات محنت کر رہی ہیں ، اہل علاقہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ اس علاقے کے وہ کام بھی مکمل کئے جا رہے ہیں جن پراس سے قبل کسی جماعت نے کوئی توجہ نہیں کی تھی اس کے بعد حلقے کا کوئی مسئلہ باقی نہیں رہ جائے گا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حلقے میں اربوں روپے کی لاگت سے منصوبوں پر کام جاری ہے ،یو سی 175 کا سب سے بڑا مسئلہ سیوریج کا تھا جس کی وجہ سے پورا علاقہ مسائل کا شکار تھا اس مسئلے کو جدید بنیادو ں پر مکمل کیا جا رہا ہے ، ہماری پوری کوشش ہے کہ حلقے کی کوئی گلی سیوریج کے بغیر نہ رہ جائے ،یہاں پر دو ٹیوب ویل بھی لگا رہے ہیں اور بیس کروڑ کی لاگت سے یہاں سیوریج ڈال رہے ہیں جبکہ حلقے میں پچپن کروڑ کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیرو مرمت کی جائے گی ، مناواں ہسپتال میں جدید اصلاحات لائی جا رہی ہیں اور اسے دوبارہ جنرل ہسپتال بنایا جارہا ہے۔

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے میرے حلقے کی طرف خصوصی توجہ دی اور اس علاقے کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کیلئے اربوں روپے کے منصوبوں کا آ غاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے صوبہ بھر میں بلا تفریق ترقیاتی فنڈز تقسیم کئے ہیں ،چاہے اس حلقے سے مسلم لیگ ن کا نمائندہ کامیاب ہوا ہے یا نہیں ، انہوں نے فنڈز کی منصفانہ تقسیم کی ہے،مریم نواز کی قیادت میں پنجاب دن دگنی رات چوگنی ترقی کر رہا ہے ، صوبے میں ان کی کارکردگی ماضی کی تمام حکومتوں سے کئی گنا بہتر ہے ۔