Live Updates

ڈی جی کے ڈی اے کا ناران کے انٹری پوائنٹس اور حساس مقامات کا دورہ

ہفتہ 16 اگست 2025 16:06

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) نے فلیش فلڈ کے خدشات کے پیش نظر ناران کے انٹری پوائنٹس اور حساس مقامات کا دورہ کیا۔ گذشتہ روز مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ فلیش فلڈ (اچانک سیلاب) کے خدشات کے پیش نظر ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی شبیر خان نے ناران اور اس کے گردونواح میں حساس مقامات کا اچانک رات گئے دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان مقامات پر قائم کچی آبادیوں اور عارضی ٹینٹ سائٹس کا تفصیلی معائنہ کیا جہاں سیاح بعض اوقات رہائش اختیار کرتے ہیں۔ ڈی جی شبیر خان نے ناران کے انٹری پوائنٹ پر موجود ٹینٹ مالکان کو تنبیہہ کی کہ وہ موجودہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاحوں کو ٹینٹ میں رہائش فراہم کرنے سے گریز کریں۔ بعد ازاں اُنھوں نے حساس مقامات کا بھی معائنہ کیا جہاں سیلابی پانی کے بہاؤ سے طغیانی کا خطرہ موجود تھا۔ انہوں نے ان مقامات پر پانی کے بہاؤ و نکاسی کا جائزہ لیا اور سٹاف کو ہنگامی حالات میں فوری رد عمل کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :