کمشنرکی زیرِ صدارت واٹرفلٹریشن پلانٹس کی بحالی وتنصیب،ستھراء پنجاب اورممکنہ بارشوں سے نمٹنے کے انتظامات کےحوالےسے جائزہ اجلاس

ہفتہ 16 اگست 2025 19:22

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔ ہفتہ کو منعقدہ اجلاس میں پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی و تنصیب، ستھرا پنجاب سرگرمیوں اور ممکنہ بارشوں سے نمٹنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سرگودہا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں مجموعی طور پر 1,277 فلٹریشن پلانٹس مرحلہ وار نصب کیے جائیں گے۔

فیز ون کے تحت بھکر، میانوالی اور خوشاب میں 658 پلانٹس جبکہ فیز ٹو میں ضلع سرگودہا میں 619 پلانٹس لگائے جائیں گے۔ منصوبے پر 8 ارب 80 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور اسے 30 جون 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔ پی سی ون کی تیاری آخری مراحل میں ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں موجودہ فلٹریشن پلانٹس کی بحالی سے متعلق جاری اسکیموں پر بھی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی عوامی صحت اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں افراد براہِ راست مستفید ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اتھارٹی سائٹ سیلیکشن کی تفصیلات ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کو فراہم کرے تاکہ مقامی ضروریات کے مطابق ترامیم کی جا سکیں۔مزید برآں، پی ڈی ایم اے کی وارننگ کے پیش نظر کمشنر نے ضلعی انتظامیہ اور واسا کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ واسا بطور ٹیکنیکل ادارہ بارشوں کے دوران بہترین کارکردگی دکھائے، دریاوں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے اور سیلابی خدشات سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جائیں۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز اور سی ای او سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ گھر گھر سے کوڑا کرکٹ کی موثر کلیکشن یقینی بنائی جائے، سڑکوں کی دھلائی اور تعمیراتی ملبے کی صفائی کی جائے، دیہات میں نالیوں اور ڈرینز کی ڈی سلٹنگ کی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اجلاس میں ویلج اور یونین کونسل سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل، ٹی او آرز اور سٹی بیوٹیفکیشن پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں اے ڈی سی آر سرگودہا فہد محمود ، اے ڈی سی سرگودہا ہیڈکوارٹر ماجد بن احمد ، ڈپٹی کمشنرز خوشاب فروا عامر، میانوالی خالد گورائیہ، بھکر محمد اشرف، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان سمیت اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :